نئی دہلی،12؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ایک پروگرام میں یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اگر جناح کی جگہ بہادر شاہ ظفر کو مسلم اگر اپنا لیڈر مانتے تو پاکستان نہیں بنتا۔بہادرشاہ ظفر کا 1857کے انقلاب میں اہم تعاون رہا ہے۔انہوں نے ملک کی روایات کی مکمل پاسداری کی ہے اورملک کیلئے ہی انہیں جلاوطن ہوناپڑاتھا۔اس کڑی میں وزیراعلی یوگی نے اکھلیش یادو اور راہل گاندھی کوجم کر نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں لیڈر صرف ٹوئٹر پر سرگرم ہیں، لوگوں کے درمیان کام کرنا نہیں جانتے۔اکھلیش نے کام کم کارنامے زیادہ کئے تھے۔راہل گاندھی بھی کیلیفورنیامیں بیٹھ کر یوپی کی صفائی کی بات کر رہے ہیں،دونوں لیڈران کو اب آرام کی ضرورت ہے۔گورکھپور میں ہوئی بچوں کی اموات پر وزیراعلی یوگی بولے کہ میں نے کبھی جاپانی بخار پر دفاع نہیں کیا ہے، 5ماہ میں 92لاکھ بچوں کا ویکسینیشن کیا ہے،پچھلے 5مہینے میں ہم نے اس بیماری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے بہت سارے کام کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بخار سے موت کے اعدادوشمار کم ہوئے ہیں، 2015میں اگست میں 667بچوں کی موت ہوئی تھی، 2016میں 585بچوں کی موت ہوئی، 2017میں 325اموات ہوئی ہیں،ہمارا مقصد یہ ہے کہ ایک بھی موت نہ ہو،حکومت نے آکسیجن کی فراہمی نہیں روکی تھی۔آدتیہ ناتھ نے بولا کہ جاپانی بخار کے معاملے پر 5سے زیادہ میٹنگیں ہوئی ہیں، ہر معاملے پر سنسنی پھیلانا مناسب نہیں ہے،حکومت کس طرح آکسیجن کی فراہمی روک سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صابن تقسیم کرنے پر کہا گیا کہ دلت لوگوں کی توہین کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ یوگی نے اپنی سرکارکوالزام سے بچاتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملزم ڈاکٹر کو جیل بھیج دیا، میڈیکل کالج کے پرنسپل سمیت دیگرملزمین کے خلاف لاپرواہی کرنے پرکاروائی کی گئی۔